بھٹکل 24 اکتوبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے ڈانڈیلی میں مچھلیاں پکڑنے کی کوشش کے دوران اچانک مگرمچھ نے حملہ کردیا اور لڑکے کو ہی اپنا شکار بناکر فرار ہو گیا۔ واقعے کی خبر پھیلنے کے ساتھ ہی ایک طرف عوام میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی ہے، وہیں ندی میں مگرمچھ اور لڑکے کی تلاش جاری ہے۔ واردات اتوار دوپہر ڈانڈیلی کی کالی ندی میں پیش آئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق لڑکے کی شناخت ڈانڈیلی کے ونائک نگر کا رہائشی 15 سالہ معین ابن محمود علی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مچھلیاں پکڑنے کا شوقین معین،، ڈانڈیلی۔ہلیال روڈ پر واقع کالی ندی کے کنارے بیٹھ کر چھڑی اور گالا کی مدد سے مچھلیوں کا شکار کررہا تھا کہ اچانک ندی میں سے مگرمچھ لڑکے د پر حملہ آور ہوا اور لڑکے کو کھینچتے ہوئے پانی کے اندر اپنے ساتھ لے گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولس اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائےوقوع پر پہنچا، عوام بھی کثیر تعداد میں ندی کنارے پہنچ گئے اورلڑکے کی تلاش شروع کی گئی۔ کشتیوں کی مدد سے بھی تلاشی کا کام جاری ہے، تلاشی کو آسان بنانے کے لئے قریب میں واقع سوپا ڈیم سے پانی کا اخراج بھی بند کردیا گیا ہے ، مگر شام کا اندھیرا پھیلنے تک لڑکے کا ہنوز کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔